کراچی میں سپر ہائی وے کے قریب انسداد پولیو مہم رضا کار کو فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا، متوفی کی شناخت 30 سالہ رحمان اللہ کے طور پر ہوئی ہے
پولیس کے مطابق واقعہ ممکنہ طور پر ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔مقتول رحمان اللہ اپنی موٹر سائیکل پر سرجانی ٹاؤن کی جانب رواں دواں تھا کہ جامعۃ الرشید کے قریب نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے،انہیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
ایس ایچ او کے مطابق واقعے میں ڈکیتی کا کوئی پہلو سامنے نہیں آیا۔ مقتول کا تعلق محسود قبیلے سے تھا اور وہ کراچی کے علاقے کوئٹہ ٹاؤن میں رہائش پذیر تھے۔
رحمان اللہ کے ایک قریبی ساتھی اور مقامی سیاسی کارکن محمد شیر نے بتایا کہ وہ پولیو مہم میں بطور ویکسینیٹر کام کر رہے تھے۔ ان کا تعلق پنجاب کے شہر وہاڑی سے تھا جہاں ان کی تدفین کی جائے گی۔
واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور محسود برادری نے احتجاج کی کال دی تاہم پولیس افسران کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی پر احتجاج چھ دن کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور جلد پیش رفت کی توقع ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








