پاکستانی اداکارہ زارا ترین نے پہلی بار کھل کر اعتراف کیا ہے کہ ان کی شادی اداکار فاران طاہر سے صرف چار ماہ کے اندر ختم ہو گئی تھی۔
فریحہ الطاف کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے زارا نے بتایا کہ اگرچہ قانونی طور پر طلاق کا عمل کافی وقت تک جاری رہا لیکن ان کا اور فاران کا عملی طور پر رشتہ شادی کے صرف چار ماہ بعد ہی ختم ہو چکا تھا۔
اداکارہ زارا نے بتایا کہ ان کی فاران طاہر سے بات چیت کورونا کے دنوں میں شروع ہوئی جب فاران کے بھائی نے انہیں ایک فلم کی پیشکش کی۔ پیشہ ورانہ رابطہ جلد ہی ذاتی تعلق میں بدلا اور دونوں نے نومبر 2021 میں شادی کر لی لیکن شادی کے فوراً بعد زارا پر انکشاف ہوا کہ فاران کی نجی زندگی سے متعلق کچھ اہم باتیں ان سے چھپائی گئی تھیں۔
زارا نے کہا کہ مجھے پوری سچائی نہیں بتائی گئی تھی، کچھ سنجیدہ معاملات شادی کے بعد ہی سامنے آئے۔
زارا کے مطابق یہ معمولی باتیں نہیں تھیں بلکہ ایسی سچائیاں تھیں جنہیں اگر وہ پہلے جانتیں تو شاید شادی کا فیصلہ نہ کرتیں۔
اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ ان کے والدین کی طلاق 2016 میں ہوئی تھی جس کا ان کی زندگی اور سوچ پر گہرا اثر پڑا۔ وہ امریکا سے واپس پاکستان آ کر اپنی والدہ کے ساتھ رہنے لگیں اور پھر فاران سے شادی ہوئی۔
اگرچہ 2023 سے ان کی علیحدگی کی خبریں گردش میں تھیں لیکن اب زارا ترین نے پہلی بار واضح طور پر اس رشتے کے خاتمے کی تصدیق کر دی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








