انڈونیشیا کے مشرقی خطے پاپوا میں منگل کے روز 6.3 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا جس نے مقامی آبادی کو شدید خوفزدہ کر دیا۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق یہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام 5 بج کر 24 منٹ پر آیا جس کا مرکز پاپوا کے شہر ابی پورا سے تقریباً 193 کلومیٹر شمال مغرب میں زمین کے اندر واقع تھا۔
ماہرین نے فوری طور پر واضح کیا کہ اس زلزلے سے سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ پیسفک سونامی وارننگ سینٹر نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ سمندری لہروں کا کوئی امکان نہیں۔ خوش قسمتی سے اب تک اس زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔
ابتدائی رپورٹس میں یو ایس جی ایس نے زلزلے کی شدت 6.5 بتائی تھی لیکن بعد میں درست اعداد و شمار کی بنیاد پر اسے 6.3 قرار دیا گیا۔
انڈونیشیا جو بحرالکاہل کے رنگ آف فائر پر واقع ہے زلزلوں اور آتش فشانی سرگرمیوں کا گڑھ ہے۔ یہ خطہ ٹیکٹونک پلیٹوں کے تصادم کے باعث اکثر لرزہ خیز رہتا ہے۔ ماضی میں بھی انڈونیشیا کو زلزلوں کی تباہ کاریوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
سن 2021 میں جزیرے سولاویسی میں 6.2 شدت کے زلزلے نے 100 سے زائد جانیں لیں اور ہزاروں افراد بے گھر ہوئے۔ اسی طرح 2018 میں پالو شہر میں 7.5 شدت کے زلزلے اور اس کے نتیجے میں آنے والے سونامی نے 2,200 سے زیادہ زندگیاں نگل لیں۔ سب سے بھیانک سانحہ 2004 میں آچے صوبے میں پیش آیا جہاں 9.1 شدت کے زلزلے اور سونامی نے 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد کی جان لے لی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








