پشاور : خیبر ٹیچنگ اسپتال میں آکسیجن کی عدم فراہمی کی وجہ سے مریضوں کی اموات کی انکوائری رپورٹ جاری کردی گئی۔ رپورٹ میں اسپتال کے چھ ملازمین پرغفلت برتنے کا الزام عائد کیا گیا ہے اور اسپتال کے ڈائریکٹر طاہر ندیم کو ان کے عہدے سے ہٹانے کی سفارش کی گئی ہے۔
انکوائری رپورٹ میں سپلائی چین کے منیجر علی وقاص کو سخت سزا دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 5 اور 6 دسمبر کی درمیانی رات اسپتال آکسیجن کی فراہمی کم رہی،آکسیجن سپلائی کرنے والی کمپنی اور اسپتال کے مابین معاہدہ جون 2020 میں ختم ہوگیا تھا اور اس کی تجدید کبھی نہیں کی گئی تھی جبکہ جولائی میں تعینات ہونیوالے اسپتال کے ڈائریکٹر نے اس معاملے میں کوئی دلچسپی نہیں لی۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے ایک بیان میں کہا ہے کہ خیبر ٹیچنگ اسپتال واقعے کی رپورٹ کو عام کردیا گیا ہے اور وعدے کے مطابق سانحہ کے مرتکب افراد کی شناخت کرلی گئی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے سرکاری عہدیداروں کو متنبہ کیا کہ عوام کی زندگیوں پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔