سفاک دہشت گردوں کا پولیس اسٹیشن پر دھاوا، فائرنگ کے بعد عمارت کو آگ لگا دی، افسر جاں بحق

تازہ ترین

تازہ ترین

واقعہ کچھی میں پیش آیا، فائل فوٹو

بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے بھاگ ناڑی میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس اسٹیشن پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) جاں بحق ہوگئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایا کہ حملہ آوروں نے رات کے وقت تھانے پر دھاوا بولا، اندھا دھند فائرنگ کی اور عمارت کو آگ لگا دی۔
فائرنگ کے تبادلے کے دوران پولیس انسپکٹر لطف علی کھوسہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، جبکہ پولیس اسٹیشن کو پہنچنے والے نقصان اور حملے کے محرکات کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ادھر بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تربت میں ڈپٹی کمشنر میجر (ر) بشیر بریچ کے قافلے کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے بم دھماکے میں لیویز فورس کے سات اہلکاروں سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔

کیچ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کیپٹن (ر) ذوہیب محسن کے مطابق حملہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا اور یہ واقعہ پریس کلب روڈ پر پیش آیا۔

پاکستان میں حالیہ دنوں میں دہشت گرد حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، خاص طور پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں، جہاں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو بار بار نشانہ بنایا جارہا ہے۔
یہ شدت پسندانہ کارروائیاں اُس وقت تیز ہوئیں جب کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے 2022 میں حکومت کے ساتھ ہونے والا فائر بندی معاہدہ ختم کر دیا تھا۔

Related Posts