اکثر نوجوان لڑکیوں کا خواب ہوتا ہے کہ وہ ہواؤں میں پرواز کریں اور ایئر ہوسٹس کے روپ میں لوگوں کی خدمت کریں لیکن سوال یہ ہے کہ ایئر ہوسٹس کیسے بنتی ہیں؟ اس کے لیے کن مراحل سے گزرنا پڑتا ہے اور کن باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے؟ آئیے جانتے ہیں۔
ایئر ہوسٹس بننے کے لیے سب سے اہم شرط اچھی تعلیم، جسمانی فٹنس اور انگریزی زبان پر عبور ہے۔ یہ وہ بنیادی نکات ہیں جو کسی بھی لڑکی کو اس شعبے میں داخلے کے لیے پورے کرنے ہوتے ہیں۔
ایئر ہوسٹس کی تربیت عموماً دو بڑے مراحل پر مشتمل ہوتی ہے،جہاز میں مسافروں کی خدمت اور دوسرا، کسی بھی مشکل یا ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کرنا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کئی فضائی کمپنیاں دوران سروس ایئر ہوسٹس کے ماں بننے پر پابندی بھی عائد کرتی ہیں۔
اب ذرا مرحلہ وار سمجھتے ہیں کہ ایئر ہوسٹس بننے کے لیے کیا کیا کرنا ہوتا ہے۔ سب سے پہلے عمر 18 سے 25 سال کے درمیان ہونی چاہیے اور قد کم از کم پانچ فٹ چھ انچ ہونا ضروری ہے۔
نوجوانوں کیلئے خوشخبری! پنجاب پولیس میں سب انسپکٹرز بھرتی کا موقع، اپلائی کرنے کا طریقہ
بیچلر ڈگری ترجیحی ہے لیکن کئی ایئر لائنز انٹر پاس لڑکیوں کو بھی یہ موقع دیتی ہیں۔ پاسپورٹ ہونا لازمی ہے اور جسمانی فٹنس کے ساتھ شخصیت بھی پرکشش ہونی چاہیے۔
اس کے بعد زبانوں پر عبور آتا ہے۔ انگریزی تو ہر صورت لازمی ہے لیکن اگر آپ فرانسیسی، جرمن، عربی یا ہسپانوی زبان بھی جانتی ہیں تو یہ آپ کے لیے اضافی فائدہ بن سکتا ہے۔
اس کے ساتھ بہترین کمیونیکیشن اسکلز، خوش اخلاقی اور مشکل حالات میں پرسکون رہنے کی صلاحیت بھی بہت ضروری ہے۔ فرسٹ ایڈ اور ایوی ایشن سیفٹی کی تربیت بھی دی جاتی ہے تاکہ پرواز کے دوران کسی حادثے یا بیماری کی صورت میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
جب یہ سب معیارات پورے ہو جائیں تو نوکری کے لیے درخواست دی جاتی ہے۔ اس کے بعد انٹرویوز، گروپ ڈسکشنز، تحریری ٹیسٹ اور میڈیکل چیک اپ جیسے مراحل آتے ہیں۔
کامیاب ہونے پر چند ہفتوں سے لے کر چند مہینوں تک سخت تربیت دی جاتی ہے۔ اس تربیت میں کلاس روم لیکچرز کے ساتھ ساتھ عملی تجربہ بھی شامل ہوتا ہے، جہاں حقیقی پروازوں میں انتظامیہ کے ساتھ کام کرایا جاتا ہے۔
ایئر ہوسٹس کی نوکری پرکشش ضرور ہے لیکن اس کے ساتھ کئی پابندیاں بھی ہیں۔ کئی ممالک میں ایئر ہوسٹسز کو حمل کے دوران چھٹیاں اور مراعات ملتی ہیں جبکہ کئی فضائی کمپنیاں دوران ملازمت یہ سہولت نہیں دیتیں۔
اگر آپ بھی ایئر ہوسٹس بننے کا خواب دیکھتی ہیں تو ان تمام مراحل پر نظر ڈالیں، محنت کریں اور اپنے خواب کو حقیقت میں بدلیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








