وزیرداخلہ برطانیہ پہنچ گئے، کن دو پاکستانیوں کی حوالگی پر مذاکرات کریں گے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

وزیرداخلہ محسن نقوی، فائل فوٹو

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی برطانیہ پہنچ گئے ہیں جہاں وہ چند پاکستانیوں کی حوالگی کے معاملے پر برطانوی وزارت خارجہ کے حکام سے بات چیت کریں گے۔

محسن نقوی تین دن کے قیام کے دوران پی ایس ایل کے آئندہ سیزن کی لانچ تقریب میں بھی شرکت کریں گے، جو اتوار کو لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد ہوگی۔

 وزیر داخلہ کی برطانوی فارن آفس کے حکام سے ملاقات طے ہے اور اس دوران چند پاکستانیوں کی حوالگی پر بات چیت متوقع ہے۔ محسن نقوی نے اس سلسلے میں ضروری شواہد پہلے ہی برطانوی ہائی کمشنر کو فراہم کر دیے ہیں۔ تاہم برطانوی فارن آفس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہائی کمشنر کو دیے گئے ڈوزیئر ابھی برطانیہ نہیں پہنچے ہیں۔

یاد رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی تھی جس میں پاک برطانیہ تعلقات، سکیورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اس دوران غیر قانونی طور پر برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی کے معاملات پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر داخلہ نے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کے کاغذات بھی برطانوی ہائی کمشنر کے سپرد کیے اور کہا کہ دونوں افراد پاکستان میں مطلوب ہیں اور انہیں فوری طور پر پاکستان کے حوالے کیا جائے۔

محسن نقوی نے پراپیگنڈا پھیلانے والے پاکستانی شہریوں کے خلاف بھی شواہد فراہم کیے اور کہا کہ آزادی اظہار پر یقین رکھتے ہیں لیکن فیک نیوز ہر ملک کے لیے مسئلہ ہے۔

Related Posts