پیٹرولیم مصنوعات کیلئے کوٹہ سسٹم متعارف؟ وفاقی حکومت کا سخت فیصلہ سامنے آ گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

وفاقی حکومت نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مناسب تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے پیٹرول پر کوٹہ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس حوالے سے ایک خصوصی موبائل ایپ کی تیاری میں مصروف ہے۔

موبائل ایپ کے ذریعے شہری خود اپنی گاڑی اور شناختی معلومات درج کرکے اس نظام میں رجسٹر ہو سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق ایپ کے ذریعے ہر شہری کو اس کی ضرورت اور ملک میں پیٹرول کی دستیابی کے مطابق محدود کوٹہ الاٹ کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد پیٹرول کی غیر ضروری بچت، ہنگامی حالات میں سپلائی کو منظم کرنا اور مارکیٹ میں غیر قانونی ہول سیل یا سپلائی کے امکانات کو کم کرنا ہے۔

موبائل ایپ کے ذریعے رجسٹریشن کے بعد شہری اپنی گاڑی کے نمبر اور قومی شناختی کارڈ کے ذریعے سسٹم میں شامل ہوں گے اور حکومت ہر صارف کے لیے ذاتی کوٹہ مختص کرے گی۔ اس منصوبے سے امید کی جا رہی ہے کہ ملک بھر میں پیٹرول کی منصفانہ تقسیم ممکن ہوگی اور صارفین کو وقت پر پیٹرول دستیاب ہوگا۔

دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل سستا ہونے کے بعد پھر مہنگا ہوگیا جس کے باعث پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا خدشہ ظاہر کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 55 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 75 روپے تک اضافے کی تجویز زیر غور ہے جس نے عوام میں تشویش کی لہر پیدا کر دی ہے کیونکہ پہلے ہی مہنگائی کی شرح بلند سطح پر موجود ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا آئندہ دو روز میں نئی قیمتوں کے تعین سے متعلق ورکنگ تیار کرے گا اور اسے پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کرے گا۔ اس کے بعد حتمی منظوری کے لیے سمری وزیر اعظم شہباز شریف کو بھجوائی جائے گی۔ قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزیر اعظم کی منظوری کے بعد سامنے آئے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی سمری بھجوائی گئی تھی لیکن حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 70 روپے 73 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔

Related Posts