لاہور: تحقیقاتی اداروں نے اوور بلنگ کی تحقیقات مکمل کرتے ہوئے وزارتِ توانائی کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ہے۔ اس سے قبل بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو بجلی بلوں میں از خود اضافے کا ذمہ دار قرار دیا جارہا تھا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کا ذرائع کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں دعویٰ ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سمیت دیگر اداروں نے اپنی رپورٹ مکمل کرکے وزیراعظم شہباز شریف کو ارسال کردی جس میں اووربلنگ میں وزارتِ توانائی حکام کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں لیسکو ذرائع کے حوالے سے یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ پروریٹا سسٹم کے تحت بلوں میں 200 سے اوپر یونٹس شامل کرنے کی رپورٹ وزیراعظم آفس کو بھیج دی گئی ہے۔ تحقیقاتی اداروں کی رپورٹ میں وزارتِ توانائی حکام کو اوور بلنگ کا ذمہ دار قرار دے دیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کو ارسال کی گئی رپورٹ میں ایف آئی اے سمیت تحقیقاتی اداروں نے سفارش کی ہے کہ وزارتَ توانائی کے حکام کے خلاف کارروائی کی جائے۔ رپورٹ کے تحت وزارتِ توانائی نے نوٹیفکیشن کے ذریعے ڈسکوز میں پروریٹا سسٹم لاگو کردیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








