اسلام آباد: ایران ایئر نے پاکستان کے لیے اپنی پروازوں کے آغاز کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت ابتدائی طور پر مشہد سے لاہور کے درمیان ہفتہ وار فضائی سروس کا آغاز 29 اکتوبر سے کیا جائے گا۔
ایئرلائن کے مطابق یہ پروازیں دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست فضائی رابطے کی بحالی کا سنگِ میل ثابت ہوں گی، جو سیاحت، تجارت اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گی۔
ایران کے سفیر مقدّم نے حکومتِ پاکستان کے تعاون پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے عوام، بالخصوص سیاحتی اور کاروباری برادری کو اس اہم پیش رفت پر مبارکباد پیش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ براہِ راست فضائی رابطہ ایرانی سیاحوں کو پاکستان کے خوبصورت قدرتی اور تاریخی مقامات کی سیر کے مزید مواقع فراہم کرے گا، جس سے دوطرفہ تعلقات میں مزید وسعت آئے گی۔
دوسری جانب اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے تہران اور اسلام آباد کے درمیان براہِ راست پروازوں کے آغاز کا خیرمقدم کیا ہے۔
چیمبر کے نمائندوں نے کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات، سرمایہ کاری، اور عوامی روابط کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








