ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر قوم افسردہ ہے، ایران نے مشرق وسطیٰ میں موجود 27 امریکی اڈوں پر شدید حملوں کا آغاز کردیا۔
پاسدارانِ انقلاب نے اپنے حالیہ بیان میں اعلان کیا کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران پر جو حالیہ بمباری کی، اس کے جواب میں چھٹے مرحلے کے حملے شروع کیے گئے ہیں۔ آئی آر جی سی کے مطابق ایران نے اسرائیل اور امریکی فوجی اڈوں کو وسیع پیمانے پر نشانہ بنایا۔
ایران کے سرکاری میڈیا کے دعوے کے مطابق 27امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔ جبکہ اسرائیل کے تل نوف ائیر بیس اور تل ابیب کے اسرائیلی فوج کے کمانڈ ہیڈ کوارٹرز ہاکیریا اور بڑے دفاعی صنعتی کمپلیکس کو بھی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔
آئی آر جی سی کا کہنا ہے کہ ایرانی فوج انتقام کا ایک مختلف اور سخت اقدام اٹھا کر دشمن کو نادم کردینے والے پے درپے تھپڑ رسید کرے گی۔ واضح رہے کہ ایران نے گزشتہ روز ہی امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانا شروع کردیا تھا، جس سے خطے کی صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی۔
آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوے کے عین مطابق ایرانی میڈیا نے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کی تصدیق کردی۔ سپریم لیڈر کو ان کے دفتر میں ہی حملے کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ ان کے متعدد قریبی رشتہ دار بھی اسرائیلی و امریکی حملوں کے باعث شہید ہوگئے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








