ایران اسرائیل کشیدگی؛ پاکستان کے تیل کی فراہمی کیلئے ہنگامی اقدامات

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر پاکستان میں پیٹرول کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت اور متعلقہ ادارے متحرک ہو گئے ہیں۔

اوگرا نے وضاحت کی ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں، جو موجودہ ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہیں۔

ترجمان اوگرا کے مطابق ریگولیٹری اتھارٹی حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور قومی توانائی تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات جاری ہیں۔ اس سلسلے میں آئل کمپنیوں کو 20 دن کے تیل کا ذخیرہ لازمی رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

وفاقی حکومت نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ تیل کا مناسب ذخیرہ یقینی بنائیں، تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ پی ایس او نے فوری طور پر 7 کروڑ لیٹر تیل کا ہنگامی ٹینڈر جاری کر دیا ہے جو 10 دن کے اندر کراچی بندرگاہ پر پہنچے گا۔

حکام کے مطابق اس ہنگامی سپلائی کے ساتھ ساتھ یکم جولائی تک ملک میں مجموعی طور پر 14 کروڑ لیٹر اضافی تیل موجود ہوگا۔ مزید ہنگامی ٹینڈرز بھی جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

اوگرا نے عوام کو یقین دہانی کروائی ہے کہ تیل کی دستیابی میں کسی قسم کا خلل پیدا نہیں ہوگا اور تمام ادارے صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہیں۔

Related Posts