پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے ہم امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں اور اس پیش رفت کے تناظر میں بلا امتیاز سیاسی وابستگی پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہتے ہیں۔
اپنے ایکس بیان میں انہوں نےکہا کہ یہ سفارتی کامیابی نہ صرف خطے میں امن و استحکام کے لیے خوش آئند ہے بلکہ اسے ایک پائیدار معاشی کامیابی میں تبدیل کرنے کے لیے ملک کے اندر مضبوط سیاسی بنیادوں کا قیام ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام اس وقت تک ممکن نہیں جب تک قانون اور آئین کی بالادستی کو یقینی نہ بنایا جائے اور ریاستی ادارے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے مؤثر انداز میں کام نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ پاکستان میں وسیع پیمانے پر بامقصد سیاسی مکالمہ شروع کیا جائے، جس کے ذریعے سیاسی کشیدگی کا خاتمہ اور قومی یکجہتی کو فروغ دیا جا سکے۔
اس ضمن میں تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے باہمی مشاورت سے ایک نیا “میثاقِ جمہوریت” طے کریں، تاکہ جمہوری عمل کو مستحکم بنایا جا سکے اور ملک کو درپیش سیاسی و معاشی چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








