پی آئی اے کی بڑی پرواز کی تیاری! فلیٹ 60 طیاروں تک پہنچانے کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

پی آئی اے ترقی کی جانب گامزن ہے، فوٹو آن لائن

 پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA) اپنے بیڑے (فلیٹ) کو وسعت دینے اور بحال کرنے کے لیے کام کر رہی ہے اور اس کے تحت اسے 60 طیاروں تک بڑھانے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔

یہ بات پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی بحالی کی حکمت عملی سے وابستہ عارف حبیب کنسورشیم کے چیئرمین عارف حبیب نے کہی۔ انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (KATI) میں صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پی آئی اے کے پاس اس وقت 30 طیارے موجود ہیں، جن میں سے 18 فعال ہیں، جبکہ 5 سے 6 طیارے مرمت اور دیکھ بھال کے مراحل میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان طیاروں کی بحالی کی کوششیں جاری ہیں، جس کے بعد فعال طیاروں کی تعداد بڑھ کر 26 ہو جائے گی، جبکہ طویل المدتی ہدف اسے 60 طیاروں تک لے جانا ہے۔

عارف حبیب نے کہا کہ حکومت کی سطح پر بزنس کمیونٹی کی نمائندگی کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور وہ پالیسی سازوں کو کاروباری طبقے کو درپیش مسائل سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور موجودہ مالی سال کے اعداد و شمار کے مطابق محصولات، اخراجات کے انتظام اور قرضوں کی ادائیگی میں بہتری دیکھی گئی ہے۔ تاہم انہوں نے زور دیا کہ پائیدار ترقی کے لیے پیداواری لاگت میں کمی ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے نرخ زیادہ ہیں، جس کی بڑی وجہ کیپیسٹی چارجز ہیں کیونکہ بجلی کی کھپت کم ہے۔ اگر موجودہ 22 ہزار میگاواٹ سے زائد ٹرانسمیشن نظام کو مکمل طور پر استعمال کیا جائے تو بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 10 سے 12 روپے تک کمی آ سکتی ہے، تاہم اس کے لیے بجلی کی کھپت میں اضافہ ضروری ہوگا۔

Related Posts