ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ اگر حملے جاری رہے تو خطے سے ایک لیٹر تیل بھی برآمد نہیں ہونے دیں گے۔ اسرائیلی و امریکی سفیروں کو ملک بدر کرنے والے ممالک آبنائے ہرمز استعمال کرسکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے حالیہ بیان میں پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ امریکی اور اسرائیلی سفیروں کو ملک سے نکالنے والے ممالک آبنائے ہرمز آج سے استعمال کرسکیں گے۔ ان ممالک کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کیلئے مکمل آزادی دی جائے گی۔
ترجمان پاسدارانِ انقلاب نے ایران کے بارے میں امریکی صدر کی باتیں بے معنی قرار دے دیں اور کہا کہ جنگ کے خاتمے کا تعین ایران کرے گا۔ خطے میں سلامتی یا تو سب کیلئے ہوگی یا پھر کسی کیلئے نہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ری پبلکن کانگریس سے خطاب کے دوران کہا کہ وقت آنے پر امریکی نیوی آبنائے ہرمز میں جہازوں کی حفاظت کرے گی۔ رورت پڑنے پر آبنائے ہرمز میں کمرشل جہازوں کے ساتھ امریکی نیوی بھی جائے گی۔
واضح رہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب نے امریکی صدر کو چیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ہمت ہے تو آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کی حفاظت کیلئے امریکی بحری جہاز تعینات کرکے دکھائیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








