تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے، جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تاحال جاری دھمکیوں کا واضح ردِ عمل قرار دیا جاسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان میں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج کسی بھی طرح کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہیں، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ایران کو امریکا یا اسرائیل سمیت کس ملک سے جارحیت کا خدشہ ہے۔
بیان میں ایرانی اسپیکر باقر قالیباف نے یہ بھی کہا کہ اب تک دنیا بھی سمجھ چکی ہے کہ غلط حکمتِ عملی اور فیصلوں کے نتائج غلط ہی ہوتے ہیں۔ ایرانی قیادت ہر طرح کی صورتحال کیلئے تیار ہے۔ ہماری تیاری دیکھ کر وہ حیران رہ جائیں گے۔
تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ ایران کی جانب سے دھمکیوں کا ایک ہی طرح کا ردِ عمل واضح کرتا ہے کہ ایران جھکنے کیلئے کسی بھی طور تیار نہیں۔ اور دونوں ممالک کے مابین بڑھتی ہوئی کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی صورتحال عالمی معیشت کو تکلیف دہ بحران کا شکار کر رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








