مذاکرات سے پہلے بڑا جھٹکا! ایران نے اسلام آباد بات چیت میں شرکت سے انکار کر دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

مذاکرات کیلئے اسلام آباد کو سجا دیا گیا ہے، فائل فوٹو

بین الاقوامی میڈیا ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی وفد اب تک اسلام آباد میں امریکا کے ساتھ جنگ بندی مذاکرات کے لیے نہیں پہنچا اور اس وقت تک ان مذاکرات میں شرکت کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا جب تک اسرائیل لبنان پر بمباری بند نہیں کرتا۔

مڈل ایسٹ مانیٹر نے فارس نیوز کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ایران نے پاکستانی حکام کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ جب تک لبنان میں جنگ بندی قائم نہیں ہوتی، وہ اسلام آباد میں امریکا کے ساتھ امن مذاکرات میں حصہ نہیں لے گا۔

اس سے قبل وال اسٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا تھا کہ ایک ایرانی وفد اسلام آباد پہنچ چکا ہے تاکہ واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات شروع کیے جا سکیں۔

ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی کہا ہے کہ ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے کسی بھی مذاکرات کی شرط یہ ہوگی کہ واشنگٹن تمام محاذوں خصوصاً لبنان میں جنگ بندی کی پابندی کرے۔

یہ تازہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی اور ایرانی دو ہفتے کی جنگ بندی کے اعلان (منگل کے روز) کے بعد بھی اسرائیل کے لبنان پر حملے تیز ہو گئے ہیں، جس میں پاکستان نے ثالثی کا کردار ادا کیا تھا۔

اگرچہ پاکستانی ثالثوں اور تہران نے کہا تھا کہ یہ جنگ بندی لبنان کو بھی شامل کرتی ہے، لیکن واشنگٹن اور تل ابیب نے اس کی تردید کی ہے۔

لبنانی سول ڈیفنس کے مطابق بدھ سے اسرائیلی حملوں میں شدت آنے کے بعد کم از کم 303 افراد جاں بحق اور 1,150 زخمی ہو چکے ہیں۔

لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق 2 مارچ سے شروع ہونے والے اسرائیلی وسیع حملوں میں اب تک 1,888 افراد جاں بحق اور 6,092 زخمی ہو چکے ہیں۔

Related Posts