ایران کے وسطی صوبے اصفہان کے علاقے درچہ میں منگل کو ایرانی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر تربیتی مشن کے دوران گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق، حادثے میں ہیلی کاپٹر کا پائلٹ اور کو پائلٹ جان بحق ہو گئے جبکہ دو عام شہری بھی مارے گئے جو قریبی ہول سیل فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ کمپاؤنڈ میں اسٹال چلا رہے تھے۔
ایرانی حکام نے ابھی تک حادثے کی وجہ کا سرکاری طور پر اعلان نہیں کیا ہے۔ یہ ایران میں ایک ہفتے کے اندر پیش آنے والا دوسرا ایوی ایشن حادثہ ہے۔ گزشتہ جمعرات کو مغربی شہر ہمدان کے قریب ایک ایف-4 فائٹر جیٹ گر کر تباہ ہوا تھا جس میں ایک پائلٹ ہلاک ہوا تھا۔
ایران کی فضائیہ اور فوج کے طیارے اور ہیلی کاپٹر کافی پرانے ہیں اور مغربی پابندیوں کی وجہ سے پرزوں کی فراہمی میں مشکلات کی بنا پر ایسے حادثات کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ سانحہ ایرانی فضائیہ کی تیاری اور دیکھ بھال کے نظام پر مزید سوالات اٹھا رہا ہے تاہم سرکاری حکام کا کہنا ہےکہ تحقیقات ابھی جاری ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








