ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت پر دل سے شکر گزار ہیں۔
ایران کے صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اپنی گفتگو کا آغاز قرآن کریم کی آیت سے کیا اور اتحاد امت پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مہمان نوازی پر وزیراعظم اور پاکستانی قوم کا شکر گزار ہوں، پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے، پاکستان کے علما اور سیاسی قیادت سے مفید گفتگو ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت پر دل سے شکر گزار ہیں، عصر حاضر میں امت مسلمہ کے اتحاد کی سخت ضرورت ہے، پاکستان اور ایران کے تعلقات مشترکہ ثقافت اور مذہب پر مبنی ہیں اور علامہ اقبال کی شاعری ہمارے لیے بھی مشعل راہ ہے۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ایران کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے، دو طرفہ تعلقات کو مختلف جہتوں میں آگے بڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل خطے کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، علاقائی امن اور ترقی کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








