فیصلہ اچھا ہے یا برا؟ انسٹاگرام نے لائیو اسٹریمنگ کیلئے فالوورز کی حد مقرر کردی

تازہ ترین

تازہ ترین

انسٹا لوگو پر مشتمل فوٹو گراف
علامتی فوٹو

اگر آپ انسٹا گرام پر لائیو اسٹریمنگ کرنا پسند کرتے ہیں تو ایک بڑے دھچکے کے لیے تیار ہو جائیں۔

اب انسٹا گرام کی جانب سے صارفین پر ایک پابندی عائد کی گئی ہے جس کے تحت اب صرف وہ افراد ہی فوٹو شیئرنگ ایپ میں لائیو اسٹریم کرسکیں گے جن کے فالوورز کی تعداد کم از کم ایک ہزار ہوگی۔

اس سے قبل انسٹا گرام پر ہر فرد ہی لائیو اسٹریمنگ کر سکتا تھا چاہے اسے کوئی فالو کرتا ہو یا نہ کرتا ہو۔

اس حوالے سے کمپنی کی جانب سے کم فالوورز والے صارفین کو ایک نوٹس بھیجا گیا ہے۔

اس نوٹس میں بتایا گیا کہ آپ کا اکاؤنٹ لائیو اسٹریمنگ کا اہل نہیں، ہم نے اس فیچر کو استعمال کرنے کی اہلیت کو تبدیل کر دیا ہے، اب صرف ایک ہزار یا اس سے زائد فالوورز والے پبلک اکاؤنٹس ہی لائیو ویڈیوز تیار کرسکتے ہیں۔

کمپنی کی جانب سے ایک بیان میں تصدیق کی گئی کہ یہ کوئی بگ (bug) نہیں بلکہ ایسا کمپنی نے خود کیا ہے۔

انسٹا گرام کے مطابق اس تبدیلی کا مقصد لائیو اسٹریمنگ کے تجربے کو بہتر بنانا ہے۔

البتہ کم فالوورز والے صارفین نے اس تبدیلی کو زیادہ پسند نہیں کیا جبکہ ایسے صارفین بھی اب لائیو اسٹریم نہیں کرسکیں گے جن کے فالوورز کی تعداد تو ایک ہزار سے زائد ہوگی مگر ان کا اکاؤنٹ پرائیویٹ ہوگا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ انسٹا گرام کی جانب سے یہ تبدیلی بھی بظاہر ٹک ٹاک سے متاثر لگتی ہے۔

ٹک ٹاک میں بھی ایسے صارفین ہی لائیو اسٹریم کرسکتے ہیں جن کے فالوورز کی تعداد مخصوص حد تک ہوتی ہے۔

دوسری جانب فیس بک پر کم از کم 100 فالوورز والے اکاؤنٹس کو لائیو اسٹریمنگ کی اجازت ہے جبکہ یوٹیوب میں محض 50 سبسکرائبرز والے اکاؤنٹ بھی لائیو اسٹریم کرسکتے ہیں۔

Related Posts