ڈبلن میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں آئرلینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 124 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی، یہ آئی سی سی کے کسی فل ممبر ٹیم کے خلاف آئرلینڈ کی سب سے بڑی فتح تھی جبکہ مجموعی طور پر چوتھی بڑی فتح ہے۔
آئرلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے۔ اینڈی بالبرنی نے 138 گیندوں پر 112 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر نہ صرف میچ کا رخ موڑا بلکہ یہ ان کے ایک روزہ کیریئر کی نویں سنچری بھی ثابت ہوئی۔ انہیں کپتان پال اسٹرلنگ اور ہیری ٹیکٹر کا بھرپور ساتھ ملا، جنہوں نے بالترتیب 54 اور 56 رنز بنائے۔
اسٹرلنگ صرف 64 گیندوں پر 54 رنز بناکر آئرلینڈ کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ میں 10000 رنز مکمل کرنے والے پہلے بلے باز بن گئے۔ اینڈی بالبرنی اور ٹیکٹر کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 81 گیندوں پر 98 رنز کی شراکت نے آئرلینڈ کے اسکور کو تقویت بخشی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے فورڈ نے 68 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ الزاری جوزف نے اہم موقع پر بالبرنی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 34 اوورز میں صرف 179 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بیری میکارتھی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 32 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور مخالف ٹیم کی بیٹنگ لائن کو آغاز میں ہی تباہ کر دیا۔ ان کے ساتھ جارج ڈاکرل نے بھی 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے راسٹن چیز نے سب سے زیادہ 55 رنز بنائے جبکہ فورڈ نے 38 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ ایک موقع پر چیز اور فورڈ نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 107 گیندوں پر 98 رنز جوڑے، مگر اس کے بعد جارج ڈاکرل نے چیز کو بولڈ کر کے ان کی مزاحمت ختم کر دی۔
آئرلینڈ کی فیلڈنگ میں اگرچہ چند کمزوریاں رہیں، جن میں تین کیچز کا ڈراپ ہونا بھی شامل تھالیکن مجموعی طور پر ٹیم کی کارکردگی مثالی رہی۔ دوسرا ایک روزہ میچ جمعہ کو کھیلا جائے گا جس میں آئرلینڈ اپنی برتری برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہو گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








