کیا وزیر اعلیٰ کے پی کے امین گنڈا پور کو بھی گرفتار کیا جا رہا ہے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو سما ٹی وی

وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کیلئے اسپیشل دستے تشکیل دے دیے گئے ہیں وزیراعلیٰ سے رابطہ نہیں ہورہا ہے، ڈیڑھ گھنٹے سے علی امین گنڈاپور کا فون بند ہے، علی امین گنڈاپور کے اسٹاف کا نمبر بھی بند ہے، ابھی ہمیں کچھ نہیں پتا علی امین گنڈاپور کہاں ہیں، علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ وہ اسلام آباد میٹنگ کیلئے جارہے ہیں۔

بیرسٹر محمد علی سیف نے پی ٹی آئی قیادت کی پکڑ دھکڑ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے متعلق خبر علی امین گنڈاپور کا ذاتی بیان ہے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے بارے میں پارٹی فیصلہ کرے گی۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ ہمارے کئی رہمنا گرفتار ہوئے ہیں، علی امین گنڈاپور کی تقریر کو جواز بنا کر ملک بھر میں گرفتاریاں درست بات نہیں، تقریر پر مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کریں۔

دوسری جانب سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شوکت بسرا کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، پی ٹی آئی رہنماء شعیب شاہین اورشیر افضل مروت کی گرفتاری کی بھی شدید مذمت کرتےہیں، ہمارے گرفتار رہنماؤں کو فوری رہا کیا جائے۔

شوکت بسرا نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور ملکی حالات کو خراب کرنے سے باز رہے، ‏مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے جلسہ جلوس کرنے پر کالے قوانین بنائے ہیں، اب پُرامن جلسہ کرنے کے جرم میں تحریک انصاف کے ایم این ایز کو گرفتار کیا جارہا ہے، یہ ہے شریفوں اور زرداریوں کا اصل چہرہ اور پاکستان کی جمہوریت۔

Related Posts