ممبئی: ہندی زبان میں بنائی گئی کرائم ڈرامہ سیریز ڈبہ کارٹیل، جسے شبانی اختر، وشنو مینن، گورو کپور اور آکانکشا سیڈا نے تخلیق کیا ہے، پانچ درمیانی طبقے کی خواتین کی کہانی بیان کرتی ہے جو سادہ لنچ باکس ڈلیوری بزنس چلاتی ہیں لیکن غیر متوقع طور پر جرائم کی دنیا میں الجھ جاتی ہیں۔
پورٹس کے مطابق، راجی اور ان کی بزنس پارٹنر مالا ایک ٹفن سروس شروع کرتی ہیں جو ابتدا میں ایک قانونی کاروبار ہوتا ہے لیکن جلد ہی اسے چھوٹے پیمانے پر منشیات کی ترسیل کے لیے استعمال کیا جانے لگتا ہے۔ جیسے جیسے معاملات پیچیدہ ہوتے جاتے ہیں توراجی کو اپنی ساس شیلا کی شکل میں ایک غیر متوقع ساتھی ملتا ہے، جسے پہلے ہی غیر قانونی سرگرمیوں کا تجربہ ہوتا ہے۔
جب یہ خواتین اپنے بڑھتے ہوئے غیر قانونی کاروبار کو سنبھالنے میں مصروف ہوتی ہیں تو ایک اور بڑا اسکینڈل سامنے آتا ہے، جو بھارت میں منشیات کی اسمگلنگ اور ایک بڑی دواساز کمپنی سے جڑا ہوتا ہے۔ یہ سب راجی اور اس کی ساتھیوں کو ایک خطرناک جال میں پھنسا دیتا ہے، جہاں طاقت، دھوکہ دہی اور سازشوں کا کھیل شروع ہو جاتا ہے۔
اگرچہ سیریز کی کہانی کافی حقیقی معلوم ہوتی ہے، لیکن ڈبہ کارٹیل مکمل طور پر ایک فرضی کہانی پر مبنی ہے، جسے ہدایتکار ہیتیش بھاٹیا اور ان کی ٹیم نے تخلیق کیا ہے۔ اس میں عام خواتین کو ڈبہ سروس کے ذریعے منشیات کی غیر قانونی ترسیل کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جو اسے ایک حقیقت سے قریب تر بنا دیتا ہے، لیکن ایسا کوئی معروف حقیقی کیس موجود نہیں جو اس کہانی کی عکاسی کرتا ہو۔
کھانے کی ڈلیوری سروسز کو منشیات کی اسمگلنگ کے لیے استعمال کرنے کے حقیقی واقعات موجود ہیں۔
2021 میں بھارت کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے بنگلور میں ایک منشیات نیٹ ورک کو بے نقاب کیا تھا، جہاں اسمگلرز نے سِوگی جیسے فوڈ ڈیلیوری پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے اعلیٰ معیار کی چرس تقسیم کی۔
2024 میں تلنگانہ میں ایک شخص شیخ بلال کو گرفتار کیا گیا جو فوڈ ڈیلیوری رائیڈر کے روپ میں منشیات کی اسمگلنگ کر رہا تھا۔
اسی طرح زوماتوجیسے پلیٹ فارمز پر بعض ون ڈِش ریسٹورنٹس کے بارے میں اطلاعات آئی ہیں کہ وہ منی لانڈرنگ یا منشیات فروشی کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔
اگرچہ ڈبہ کارٹیل براہ راست ان حقیقی واقعات پر مبنی نہیں ہے لیکن اس کا پلاٹ ایک ممکنہ حقیقت کی عکاسی کرتا ہے جہاں روزمرہ کی کاروباری سرگرمیاں جرائم کی دنیا سے جُڑ سکتی ہیں۔
سیریز میں حقیقت اور فکشن کا امتزاج اسے مزید دلچسپ اور سنسنی خیز بنا دیتا ہے جو ناظرین کو چھپی ہوئی خطرناک سازشوں کے بارے میں سوچنے پر مجبور کرتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








