عمران خان دوبارہ اقتدار میں آرہے ہیں؟ وزیر دفاع خواجہ آصف کا تہلکہ خیز بیان

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اقتدار میں لانے والے انہیں دوبارہ اقتدار میں لانے کے لیے سرگرم ہیں۔ وہ عناصر چاہتے ہیں کہ پاکستان ان کے تابع ہو جائے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان میں ایسے لوگ موجود ہیں جو ملک کی بدنامی کرنے والوں کو پناہ دے کر اپنے ذاتی مقاصد کے لیے اقتدار حاصل کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ انہوں نے 9 مئی 2023 کو فوجی تنصیبات پر حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسی مقصد کے حصول کی کوشش تھی۔

وزیر دفاع نے عمران خان کے دور حکومت میں بھارت کی جانب سے کی جانے والی عسکری کارروائیوں کا بھی حوالہ دیا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ راتوں رات ابھی نندن کو واپس بھیج دیا گیا لیکن مئی 2025 میں بھارت نے دوبارہ حملہ کیا تو پاکستان نے دفاع میں فتح حاصل کی اور دنیا حیرت زدہ رہ گئی کہ یہ وہی پاکستان ہے جس نے چند سال قبل بھارتی پائلٹ کو واپس بھیجا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت پارلیمنٹ کو بتایا گیا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ جنگ کے خطرے کا ذمہ نہیں لے سکتا مگر افواج نے اللہ کے فضل سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا اور شہداء نے وطن کو جاوداں کر دیا۔

خواجہ آصف نے خبردار کیا کہ دشمن آج بھی ملک کی کمزوری کا انتظار کر رہا ہے اس لیے ہر لمحہ چوکس رہنا ضروری ہے۔

وزیردفاع نے ملک میں بیرون ملک بیٹھے ایسے نام نہاد پاکستانیوں اور طالبان سے محبت کرنے والے مذاکرات کے حامیوں پر بھی تنقید کی جن کے بقول وہ ملک کی ترقی، معاشی استحکام اور امن کے دشمن ہیں اور پاکستان کو محفوظ مستقبل سے دور رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

Related Posts