بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کا نام تبدیل کرنے کی مہم ایک بار پھر سامنے آ گئی ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکنِ پارلیمنٹ پروین کھنڈیل والا نے مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ کو خط لکھ کر دہلی کا نام اندرا پرستھا رکھنے کی سفارش کی ہے۔
پروین کھنڈیل والا کا کہنا ہے کہ اس نام سے دہلی کی تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی شناخت واضح ہو گی کیونکہ اندرا پرستھا کا ذکر مہا بھارت کے قدیم دور سے جڑا ہوا ہے۔ ان کے مطابق جیسے پریاگ راج، ایودھیا، اوجین اور وارانسی جیسے شہروں کے نام ان کے تاریخی پس منظر کے مطابق رکھے گئے ویسے ہی دہلی کا نام بھی اس کی جڑوں سے ہم آہنگ ہونا چاہیے۔
رکنِ پارلیمنٹ نے اس حوالے سے پرانے دہلی ریلوے اسٹیشن اور بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے نام تبدیل کرنے کی بھی تجویز پیش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی دہلی کی قدیم شناخت کو بحال کرے گی۔
بتایا گیا ہے کہ یہ خط نہ صرف امت شاہ کو بلکہ دہلی کی وزیرِ اعلیٰ ریکھا گوپتا اور دیگر وزراء کو بھی بھیجا گیا ہے۔
اس سے قبل، وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) نے بھی گزشتہ ماہ اسی نوعیت کی درخواست دی تھی۔ وی ایچ پی دہلی شاخ کے سیکرٹری سریندر کمار گپتا نے وزیرِ ثقافت کپیل مشرا کو خط لکھ کر دہلی کا نام اندرا پرستھا رکھنے کی سفارش کی تھی۔
وی ایچ پی کا مؤقف ہے کہ یہ نام بھارتی تاریخ اور مہا بھارت کے دور کی روایات کو اجاگر کرے گا اور دارالحکومت کو اس کی قدیم تہذیبی شناخت سے جوڑے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








