سوال: وزٹ ویزے پر سعودی حکومت کی طرف سے حج کی اجازت نہیں ہے، کچھ لوگ خاص طور پر ٹیکسیوں وغیرہ کے ذریعے حج کر لیتے ہیں، کیا ایسے کرنا درست ہے؟
جواب: واضح رہے کہ حکومت کے جائز و مباح قوانین کی پاسداری کرنا ضروری ہے، نیز قانون شکنی کی صورت میں مال اور عزت کا بھی خطرہ رہتا ہے، کیونکہ پکڑے جانے کی صورت میں مالی نقصان کے ساتھ ساتھ سزا ملنے کا بھی اندیشہ ہوتا ہے، اس وجہ سے وزٹ ویزے پر حج کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔
تاہم اگر کوئی شخص حکومتی پابندی کے باوجود حج کر لے اور حج میں اس کے فرائض اور واجبات کا خیال رکھے، نیز احرام کی حالت میں ممنوع کردہ چیزوں سے اجتناب کرے اور کوئی ایسا کام نہ کرے جس سے دم لازم آتا ہو تو ایسے شخص کا حج ادا ہوجائے گا، تاہم وہ حج مبرور (مقبول) کا درجہ حاصل نہیں کر پائے گا، کیونکہ “حج مبرور” ایسے حج کو کہا جاتا ہے جس میں حج کے فرائض، واجبات، سنن و مستحبات کا مکمل اہتمام کیا گیا ہو اور اس میں ہر قسم کے گناہ، بدعنوانی اور لڑائی جھگڑے وغیرہ سے مکمل اجتناب کیا گیا ہو۔ واللہ اعلم
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








