بالی وڈ میں ایک نسل کے اداکاروں کا دوسری نسل کے فنکاروں سے موازنہ کوئی نئی بات نہیں۔ کبھی اداکاری کے انداز، کبھی کرداروں کے انتخاب، تو کبھی اسکرین پر موجودگی کی بنیاد پر یہ تقابل کیا جاتا ہے۔
حال ہی میں اداکارہ سانیہ ملہوترا کو کاجول سے مشابہ قرار دیا جا رہا ہے لیکن یہ موازنہ ظاہری شکل یا کیریئر کے راستے پر نہیں بلکہ اداکاری کے انداز اور جذباتی سچائی کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔
سانیہ اور کاجول دونوں کی اداکاری میں ایک سادگی اور خلوص پایا جاتا ہے۔ یہ دونوں اپنے کرداروں میں اس انداز سے ڈھل جاتی ہیں کہ ان کی پرفارمنس مصنوعی نہیں لگتی بلکہ بالکل فطری محسوس ہوتی ہے۔
کاجول 90 کی دہائی میں اپنی زندہ دل اور بے ساختہ اداکاری کیلئے جانی جاتی تھیں اور سانیہ ملہوترا میں بھی وہی توانائی اور بے ساختگی دیکھی جا رہی ہے۔
ہدایت کار اُمیش بسٹ جنہوں نے کاجول کو دی ٹرائل اور سانیہ کو پگلّیت میں ہدایت دی، کہتے ہیں کہ دونوں اداکاراؤں میں ایک اندرونی معصومیت ہے جو ان کی اداکاری کو حقیقی اور اثر انگیز بناتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں فنکارہ خالی کاغذ کی طرح سیٹ پر آتی ہیں یعنی بغیر کسی دکھاوے کے صرف کردار پر توجہ دیتی ہیں۔

دونوں اداکارائیں ایسی فلمیں کرتی ہیں جہاں وہ خواتین کے مضبوط کردار ادا کرتی ہیں۔ وہ روایتی ہیروئن کے بجائے ایسے رولز کا انتخاب کرتی ہیں جن میں کچھ نیا اور معنی خیز ہو۔
کاجول اپنی اداکاری میں مسکراہٹ اور آنسو کے درمیان بغیر رکاوٹ کے آجا سکتی ہیں اور یہی صلاحیت سانیہ ملہوترا میں بھی نظر آتی ہے خاص طور پر فلموں پگلّیت‘اور مِسز میں۔
کاجول کو تو کئی بڑے ایوارڈز مل چکے ہیں مگر سانیہ کو بھی اپنی قدرتی اداکاری کے لیے ناقدین سے کافی پذیرائی ملی ہے یہاں تک کہ بعض نے انہیں مستقبل کی عظیم اداکاراؤں میں شمار کیا ہے۔
دونوں اداکارائیں رقص میں مہارت رکھتی ہیں جس کا اثر ان کی اسکرین پر اعتماد سے بھری موجودگی میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ سانیہ کو معاصر رقص اور بیلے ڈانس میں تربیت حاصل ہے جبکہ کاجول کے رقص کی دلکشی آج بھی یاد کی جاتی ہے۔
کاجول کا تعلق ایک معروف فلمی خاندان سے ہے جبکہ سانیہ نے بطور آؤٹ سائیڈر فلم دنگل سے شاندار آغاز کیا۔ دونوں نے اپنی اپنی جگہ محنت اور ٹیلنٹ سے انڈسٹری میں مقام بنایا ہے۔
سانیہ ملہوترا اور کاجول کی اداکاری کے انداز میں جو خلوص، توانائی اور تنوع ہے وہ واقعی قابلِ تعریف ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سانیہ کو نئی کاجول کہا جا رہا ہے ایک ایسی تعریف جو ان کی قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








