پاکستان کے مختلف شہروں میں ٹماٹر کی قیمتوں میں اچانک اور شدید اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ کچھ علاقوں میں ٹماٹر 700 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے جس نے عوام کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔
لاہور کی سبزی منڈی میں 5 کلو ٹماٹر کی قیمت 2000 روپے تک جا پہنچی ہے جبکہ پرچون میں ایک کلو ٹماٹر 450 روپے میں دستیاب ہے۔ شہر کے عام بازاروں میں یہ قیمت 500 روپے یا اس سے بھی زیادہ ہے حالانکہ سرکاری نرخ نامے میں ٹماٹر کی قیمت 175 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
کراچی میں بھی صورتحال کچھ مختلف نہیں۔ وہاں مختلف مارکیٹوں میں ٹماٹر 400 سے 480 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے گاہکوں اور دکانداروں کے درمیان تلخ کلامی اور بحث مباحثے معمول بنتے جا رہے ہیں۔
پشاور میں سرکاری نرخ کے مطابق ٹماٹر کی قیمت 330 روپے فی کلو ہے لیکن عملی طور پر یہ منڈی میں 500 روپے اور عام بازاروں میں 600 سے 630 روپے فی کلو تک پہنچ چکا ہے۔
ملتان میں بھی عوام مہنگے داموں ٹماٹر خریدنے پر مجبور ہیں۔ منڈی میں قیمت 280 روپے ہے جبکہ عام مارکیٹ میں یہ 400 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ ادھر سیالکوٹ میں ٹماٹر کی قیمت 700 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے جو اس وقت ملک میں سب سے زیادہ ہے۔
ٹماٹر کی اس قدر مہنگائی نے عام لوگوں کے بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے اور حکومت کی جانب سے نرخوں پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








