امریکا ایران جنگ بندی برقرار رکھیں، پاکستان سہولت کاری جاری رکھے گا۔اسحاق ڈار

تازہ ترین

تازہ ترین

اسحاق ڈار
(فوٹو: جیو نیوز)

اسلام آباد: وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں قیامِ امن کیلئے سہولت کاری جاری رکھے گا، ضروری ہے کہ امریکا ایران جنگ بندی معاہدہ برقرار رکھیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں امریکی وفد کی وطن واپس روانگی کے موقعے پر جاری بیان میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ایران اور امریکا نے ہماری درخواست پر مثبت ردِ عمل دیا، دونوں ممالک کے شکر گزار ہیں۔

بیان میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سیز فائر کی درخواست پر عمل کرنے پر بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ امریکی اور ایرانی وفود گزشتہ روز مذاکرات کیلئے اسلام آباد آئے تھے۔ پاکستان امریکا اور ایران کے مابین رابطہ کاری کیلئے سہولت کاری جاری رکھے گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں پاکستان پہنچنے والا وفد امریکا واپس روانہ ہوگیا، جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ ہم نے ایران کو بہترین آفر دے دی، دیکھنا یہ ہے کہ ایران اس کا کیا جواب دیتا ہے۔

 ایران امریکا جنگ پر گزشتہ روز شروع ہونے والے اہم ترین مذاکرات بظاہر بے نتیجہ ختم ہوگئے۔ امریکی نائب صدر نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستانی قیادت کے شکر گزار ہیں جنہوں نے بہترین میزبانی کی۔

 

Related Posts