ایران کو بہترین آفر دے دی، جے ڈی وینس کی قیادت میں آیا ہوا وفد امریکا روانہ

تازہ ترین

تازہ ترین

جے ڈی وینس
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں پاکستان پہنچنے والا وفد امریکا واپس روانہ ہوگیا، جے ڈی وینس نے کہا کہ ہم نے ایران کو بہترین آفر دے دی، دیکھنا یہ ہے کہ ایران اس کا کیا جواب دیتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایران امریکا جنگ پر گزشتہ روز شروع ہونے والے اہم ترین مذاکرات بظاہر بے نتیجہ ختم ہوگئے۔ امریکی نائب صدر نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستانی قیادت کے شکر گزار ہیں جنہوں نے بہترین میزبانی کی۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے معاہدے کیلئے بڑی کوشش کی اور پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت نے ایران اور امریکا کے باہمی اختلافات کو ختم کرانے کی بھی کوشش کی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جے ڈی وینس سمیت امریکی وفد کو رخصت کیا جن میں امریکی نمائندہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل تھے۔ جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ بری خبر یہ ہے کہ ہم ایران کے ساتھ معاہدے تک نہیں پہنچے۔

جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ معاہدہ نہ ہونے کی وجہ سے ہم امریکا واپس جارہے ہیں۔ایران نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ہماری شرائط کو نہیں مانے گا۔ ہم نے ایران کو فائنل اور بہترین آفر دی۔ یہاں ایران کیلئے بہترین اور فائنل آفر کے ساتھ مذاکرات کو چھوڑ رہے ہیں۔ معاہدے تک نہ پہنچنا امریکا سے زیادہ ایران کیلئے بری خبر ہے۔

Related Posts