ویڈیو: آج میں کہیں بھی نہیں۔ عشرت فاطمہ نے ریڈیو پاکستان چھوڑنے کی وجہ بتا دی

تازہ ترین

تازہ ترین

عشرت فاطمہ
(فوٹو: آن لائن)

ملک کی مشہورومعروف نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ نے ریڈیو پاکستان چھوڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ آج میں کہیں بھی نہیں ہوں۔ یہ ادارہ بے حس ہے۔ اس میں پیار اور محبت نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق نامور نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ بدھ کے روز ریڈیو پاکستان سے سبکدوش ہوگئیں۔عشرت فاطمہ نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو بیان میں کہا کہ مجھے ریڈیو پاکستان میں مناسب جگہ نہ دینے اور بعض منفی رویوں کے باعث تکلیف ہوئی۔ آپ میرٹ پر ہیں اور آپ کو دیوار سے لگا کر فیصلے پر مجبور کیا جائے کہ آپ کی جگہ نہیں تو اس سے تکلیف ہوتی ہے۔

ویڈیو بیان میں نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ نے کہا کہ میں نے حالات کی بہتری کا بہت عرصے تک انتظار کیا لیکن ایسا نہیں ہوا اور بار بار احساس دلایا گیا کہ میں ان کی ضرورت نہیں تو پھر مجھے بھاری دل کے ساتھ ریڈیو پاکستان چھوڑنا پڑا اور مجھے یہ احساس ہوا کہ میں نے درست فیصلہ کیا ہے۔ اگر یہ ادارہ محسوس کرسکتا تو مجھے روک لیتا اور میں ضرور رک جاتی۔

نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ نے کہا کہ ادارہ صرف درودیوار کا نام ہے، میں آج بہت دکھ اور تکلیف کا شکار ہوں کہ میں نے اس ادارے کو عزت دی لیکن آج میں کہاں ہوں؟ میں کہیں بھی نہیں۔ یہ ہمارے معاشرے کا دستور ہے یا پھر ساری دنیا میں اسی طرح ہوتا ہے، یہ معلوم نہیں۔ جب آپ کسی کا کام سے مقابلہ نہ کرسکیں تو منفی طریقوں کا استعمال شروع ہوجاتا ہے۔

عشرت فاطمہ کا کہنا تھا کہ خبریں پڑھنا میرا عشق اور جنون رہا ہے اور اب بھی ہے، ادارے ہی افراد کو پہچان اورم قام دیتے ہیں اور میں آج بھی عوام کی محبت اور عزت حاصل کرر ہی ہوں۔ پیسہ میرے لیے کبھی ترجیح نہیں رہا بلکہ بہترین کام کرنا اہمیت کا حامل ہے۔ میرے لیے دعا کریں کہ میری کام سے محبت میرے لیے درد نہ بن جائے۔

Related Posts