پاکستان کی ادویات اور طبی آلات کی برآمدات میں 34فیصد کا اضافہ

تازہ ترین

تازہ ترین

ملک کی ادویات اور طبی آلات کی برآمدات میں 34فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) نے طبی برآمدات کے اعدادوشمار جاری کردئیے۔ 

تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کا کہنا ہے کہ ملکی برآمدات میں یہ اضافہ ادویات کی رجسٹریشن، اصلاحات، ڈیجیٹلائزیشن اور شفاف نظام کے باعث ممکن ہوا ہے جبکہ سرٹیفکیشن کے عمل کو تیز کردیا گیا ہے۔

ڈریپ کا کہنا ہے کہ برآمدات کے فروغ کے لیےسرٹیفکیشن کے اجراء کے دورانیے میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔ ادویات کی برآمدی رجسٹریشن کا دورانیہ 60 دن سے کم کرکے صرف 10 دن کر دیا گیا ہے جبکہ میڈیکل ڈیوائسز کی رجسٹریشن بھی 20روز میں مکمل کی جارہی ہے۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کئی برآمدی سرٹیفکیٹس اب 30 دن کے بجائے صرف 5 دن میں جاری کیے جا رہے ہیں۔ اس وقت 70 فیصد ریگولیٹری امور ڈیجیٹلائز ہو چکے ہیں جبکہ مارچ تک مکمل ڈیجیٹلائزیشن کا پدف پایہ تکمیل کو پہنچایا جائے گا۔

ڈریپ کا کہنا ہے کہ آن لائن میڈیکل ڈیوائسز رجسٹریشن اور ای آفس سسٹم کے نفاذ سے غلطیوں اور تاخیر میں واضح کمی آئی ہے، جس کے نتیجے میں جدید اور جان بچانے والی ٹیکنالوجیز مریضوں تک بروقت پہنچانا ممکن ہوگیا۔نئی تھراپیز اور کینسر کے علاج کے متعلق مصنوعات کی منظوری کا دورانیہ 3ماہ تک آگیا ہے۔

اتھارٹی کا مزید کہنا ہے کہ ملک بھر میں  ادویات کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کے لیے قومی سطح پر کوالٹی کنٹرول لیبارٹری نیٹ ورک قائم کیا جا رہا ہے جبکہ صوبائی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کو عالمی معیارات کے مطابق لانے کیلئے بھی اقدامات جاری ہیں۔ اصلاحات کی مدد سے برآمدات میں اضافے کے ساتھ ساتھ عوام کو مؤثر ادویات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جارہی ہے۔

Related Posts