صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

تازہ ترین

تازہ ترین

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

اسلام آباد: صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹنٹ جنرل فیض حمید نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا استقبال کیا۔

آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر میں صدر مملکت کو مجموعی قومی سلامتی بشمول افغانستان کی صورتحال پر بریف کیا گیا۔ صدر مملکت کو ان کی خصوصی دلچسپی کے شعبے سائبر سیکورٹی پر بھی بریفنگ دی گئی۔

صدر مملکت ڈاکٹر علوی نے قومی سلامتی کیلئے آئی ایس آئی کی کاوشوں کی تعریف کی۔ ڈاکٹر عارف علوی نے پیشہ وارا نہ تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ڈی جی آئی ایس آئی کی ارکان پارلیمنٹ کو بریفنگ:

واضح رہے کہ کچھ روز قبل ڈی جی آئی ایس آئی کی جانب سے ملک کی سیاسی و پارلیمانی قیادت، رہنماؤں اور اراکین کو اہم خارجہ امور، داخلی سلامتی، اندرونی چیلنجز، خطے میں وقوع پذیر تبدیلیوں خصوصاً تنازعہ کشمیر اور افغانستان کی حالیہ صورتحال کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی۔

شرکاء کو بتایا گیا کہ پاکستان نے افغان امن عمل میں اخلاص کے ساتھ نہایت مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا، پاکستان کی بھرپور کاوشوں کی بدولت نہ صرف مختلف افغان دھڑوں اور متحارب گروپوں کے مابین مذاکرات کی راہ ہموار ہوئی بلکہ امریکہ اور طالبان کے مابین بھی بامعنی گفت و شنید کا آغاز ہوا۔

ہم اس امر پر یقین رکھتے کہ افغانستان میں پائیدار امن و استحکام دراصل جنوبی ایشیا میں استحکام کا باعث بنے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان افغانستان میں عوام کی حقیقی نمائندہ حکومت کا ہر سطح پر خیر مقدم کرے گا اور افغان امن کیلئے اپنا ذمہ دارانہ کردار جاری رکھے گا۔

اجلاس کومزید بتایا گیا کہ پاکستان کی سر زمین افغانستان میں جاری تنازعہ میں استعمال نہیں ہو رہی اوراس امید کا بھی اظہار کیا گیا کہ افغانستان کی سرزمین بھی پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، افغانستان کی سرحد پر 90 فیصد باڑ کا کام مکمل کر لیا ہے جبکہ کسٹمز اور بارڈر کنٹرول کا بھی موثر نظام تشکیل کیا جا رہا ہے۔

سیاسی و پارلیمانی قیادت نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کیا اور افغانستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ایسے اجلاس نہ صرف اہم قومی امور پر قومی اتفاق رائے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ مختلف قومی موضوعات پر ہم آہنگی کو تقویت دینے کا بھی باعث بنتے ہیں۔

بریفنگ میں سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا جس میں اراکین نے سفارشات پیش کر کیں،ان سفارشات کو سیکورٹی پالیسی کا اہم حصہ گردانا جائے گا۔

مزید پڑھیں: قومی سلامتی کمیٹی کااجلاس، کشمیر اور افغانستان کی حالیہ صورتحال پر بریفنگ

Related Posts