عافیہ صدیقی کی امریکا کو حوالگی پر آئی ایس آئی سے جواب طلب

تازہ ترین

تازہ ترین

عافیہ صدیقی
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عافیہ صدیقی کی امریکا کو حوالگی پر انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) سے جواب طلب کرتے ہوئے 2 سوال پوچھ لیے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق ہائی کورٹ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحت اور وطن واپسی سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی جس میں عافیہ صدیقی کی ہمشیرہ فوزیہ صدیقی ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئیں اور کہا کہ عافیہ صدیقی کی واپسی کی کنجی حکومت کے پاس ہے۔

کیس کی سماعت کے دوران فوزیہ صدیقی نے کہا کہ نومبر سے حکومت ہماری مدد کرے، ضروری ہے کہ عافیہ صدیقی کا معاملہ جوبائیڈن حکومت کے ہوتے ہوئے حل کیا جائے۔ نئی امریکی حکومت آگئی تو معاملہ التواء میں پڑ جائے گا۔ وکیل مسٹر اسمتھ نے حلف نامہ جمع کرادیا۔

ہائیکورٹ نے عافیہ صدیقی کی امریکی حکام کو حوالگی کے متعلق تفصیلی رپورٹ جمعے کو طلب کرلی۔ عافیہ صدیقی کے وکیل مسٹر اسمتھ نے عدالت میں جو بیانِ حلفی جمع کرایا ، اس میں کہا گیا کہ 2003 میں سندھ حکومت نے عافیہ صدیقی کو آئی ایس آئی کے حوالے کیا تھا۔

بیانِ حلفی میں کہا گیا کہ آئی ایس آئی نے عافیہ صدیقی کو بچوں سمیت امریکا کے حوالے کردیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے پوچھا کہ کیا آئی ایس آئی کے پاس عافیہ صدیقی سے متعلق کوئی ثبوت تھا؟ کیا آئی ایس آئی عافیہ صدیقی کو کسی اور کے حوالے کرنے کا مینڈیٹ رکھتی ہے؟

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت سے درخواست کی کہ عافیہ صدیقی کی امریکا حوالگی کے متعلق ایجنسیز سے سوالات کو الگ رکھیں، ورنہ درخواست کا مقصد حل نہیں ہوگا۔ جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے کہا کہ معاملہ عدالت میں آگیا ہے، الگ کیسے رکھیں؟ جمعہ تک تفصیلی رپورٹ دیں۔

Related Posts