افغانستان میں سرگرم داعش خراسان نے افغانستان میں برسر اقتدار طالبان کو مرتد اور مشرک قرار دے کر طالبان کیخلاف اپنی کارروائیوں کی تازہ ویڈیو جاری کر دی ہے۔
العربیہ کی ایک رپورٹ کے مطابق ’’وقاتلوا المشرکین کافۃ‘‘ (اور مشرکین سے ہر حال میں لڑو) کے عنوان سے جاری کردہ فلم میں جمہوریت کو کفر اور طالبان کو مرتد قرار دیا گیا ہے۔
اس فلم میں عالم اسلام کی اس خونخوار ترین دہشت گرد تنظیم (داعش) نے پہلی بار طالبان کے زیر کنٹرول افغانستان میں اپنی خونریز کارروائیوں کی نئی تصاویر شائع کی ہیں۔
جاری ویڈیو میں طالبان سے قبل کے جمہوری دور میں داعش کی کارروائیوں کے کچھ مرتکب افراد سے وفاداری کا عہد لینے کو بھی پیش کیا گیا ہے۔ فلم میں کابل میں سکھوں کے گوردوارے میں خودکش حملہ کرنے والے ابو محمد تاجکی کی گفتگو بھی شامل ہے۔
واضح رہے افغانستان میں سکھوں کے گوردوارے پر خودکش حملے کے بعد داعش سے وابستہ “اعماق نیوز ایجنسی” نے ابو محمد تاجکی کی صرف ایک تصویر شائع کی تھی جس میں ان کا چہرہ ڈھانپا گیا تھا لیکن “وائس آف خراسان” میگزین نے کھلے ہوئے چہرے کے ساتھ ابو محمد تاجکی کی تصاویر شائع کی ہیں۔
نئی فلم میں داعش نے کابل میں سکھوں کے گووردوارہ کے خلاف آپریشن سے قبل ابو محمد تاجکی کی تقریر کے تفصیلی کلپس شامل کیے ہیں۔
یہ فلم داعش کے دو تاجک ارکان ابو عمر تاجکی اور عبدالجبار تاجکی کی کارروائیوں کی نئی تصاویر بھی پیش کررہی ہے۔ ان کارروائیوں میں کابل میں ایک ہوٹل کو نشانہ بنایا گیا تھا جہاں چینی باشندے مقیم تھے۔
ان کلپس میں دکھایا گیا ہے کہ ہوٹل کے مہمانوں پر داعش کے دو ارکان نگرانی کر رہے ہیں اور کس طرح انہوں نے ہوٹل کے کمروں کے دروازے اڑا دیے اور مہمانوں پر ان کے پرائیویٹ کمروں میں حملہ کیا۔
آپریشن کو انجام دینے کے بارے میں عبدالجبار یا عمر کو سرگرم دکھایا گیا۔ واضح رہے عبدالجبار کچھ ہی دیر بعد ایک اور خودکش حملے میں مارا گیا تھا۔
اس فلم میں طالبان اہلکاروں کو لے جانے والی گاڑیوں کے سڑک پر دھماکا خیز مواد کے پھٹنے سے نقصان پہنچنے کے مختلف کلپس بھی شامل کئے گئے ہیں۔ طالبان عہدیداروں اور طالبان سے وابستہ کچھ علماء اور افغانستان کے مختلف علاقوں میں داعش کے ناقدین کے قتل سے متعلق کئی کلپس بھی شامل ہیں۔
فلم کا اختتام داعش کی جانب سے قتل کئے گئے کچھ طالبان ارکان کے سرقلم کرنے کے ساتھ کیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








