اسلام آباد کو مکمل ڈیجیٹل سٹی بنانے کی تیاریاں، ان شعبوں میں اب کیش لیس سسٹم ہوگا

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی تصویر بلوم پاکستان

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے فیصلہ کیا ہے کہ اسلام آباد بھر کے ہوٹلوں، ریستورانوں، پیٹرول پمپوں اور گیسٹ ہاؤسز میں کیش لیس ادائیگیوں کے نظام کو توسیع دی جائے گی۔

یہ فیصلہ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی سربراہی میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں سینئر حکام اور بڑے کمرشل بینکوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

حکام کے مطابق یہ اقدام وزیراعظم اور وزیرِ داخلہ کے اُس وژن کا حصہ ہے جس کے تحت اسلام آباد کو مکمل طور پر کیش لیس ماڈل سٹی بنایا جا رہا ہے۔

ہفتہ وار مارکیٹوں، سی ڈی اے کے ون ونڈو سینٹر، میٹرو بس اور الیکٹرک بسوں میں پہلے ہی کیو آر کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام متعارف کرایا جا چکا ہے۔

سی ڈی اے حکام نے بتایا کہ اب یہ نظام تیزی سے بڑے کاروباری مراکز، شاپنگ مالز اور کلاس تھری مارکیٹوں میں بھی نافذ کیا جا رہا ہے۔

تازہ مرحلے میں ہوٹل، گیسٹ ہاؤسز، فیول اسٹیشنز اور کھانے پینے کی جگہوں کو بھی کیش لیس ادائیگیوں کا پابند بنایا جائے گا، تاکہ وفاقی دارالحکومت جدید اور شفاف ادائیگیوں کے طریقہ کار کی طرف بڑھ سکے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے بینکوں کو ہدایت کی کہ عوام اور تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کی طرف لانے کے لیے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے۔

انہوں نے تاجروں اور دکانداروں پر زور دیا کہ وہ کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگی کرنے والے صارفین کو خصوصی رعایتیں اور ترغیبات دیں، تاکہ عوام میں اس نظام کو تیزی سے فروغ دیا جا سکے۔

محمد علی رندھاوا نے مزید کہا کہ ایم ٹیگ سسٹمز، ڈیجیٹل پارکنگ سمیت کئی اقدامات بھی ساتھ ساتھ متعارف کرائے جا رہے ہیں، کیونکہ اسلام آباد کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی سے لیس شہر بنانے کے لیے تیزی سے کام جاری ہے۔

Related Posts