اسلام آباد انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں ای اسٹامپنگ سسٹم نافذ کر دیا۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق 26 جنوری 2026 سے اسٹام فروشوں یا عام عوام کو عدالتی و غیر عدالتی اسٹام پیپرز جاری نہ کرنے کی ہدایت دی گئی تھی اور ضلع اسلام آباد میں ای اسٹامپنگ سسٹم کے نفاذ کے پیشِ نظر نیا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں کام کرنے والے تمام اسٹام فروشوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے پاس موجود مینول عدالتی و غیر عدالتی اسٹام پیپرز کا موجودہ اسٹاک 12 فروری 2026 (جمعرات) تک مکمل طور پر ختم کر لیں۔
13 فروری جمعہ کو تمام اسٹام فروش اپنی اسٹام وینڈر رجسٹرز بمعہ ربڑ اسٹامپس، بلا کسی کوتاہی کے، دفتر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو / ضلع کلکٹر، اسلام آباد میں جمع کرائیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مقررہ مدت کے بعد، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کے اندر کوئی بھی محکمہ، دفتر، عدالت یا اتھارٹی کسی بھی صورت میں مینول عدالتی یا غیر عدالتی اسٹامپ پیپرز قبول نہیں کرے گی۔
مذکورہ بالا ہدایات کی خلاف ورزی یا عدم تعمیل کی صورت میں خلاف ورزی کا مرتکب فرد متعلقہ قوانین و قواعد کے تحت سخت قانونی کارروائی کا ذمہ دار ہو گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








