وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاک افغان کشیدگی اور رمضان المبارک کے دوسرے جمعہ کے موقعے پر سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ شہر بھر میں حفاظتی انتظامات سخت کردئیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق شہرِ اقتدار میں عوام کی حفاظت کے پیش نظر جامع حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ جمعہ کے اجتماعات کے پیش نظر اہم مقامات، مساجد اور امام بارگاہوں کو فول پروف سکیورٹی انتظامات سے مزین کیا گیا ہے۔
شہر بھر کی مساجد، امام بارگاہیں، مارکیٹس اور دیگر عوامی مقامات پر اضافی نفری کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو عبادات کیلئے محفوظ ماحول میسر آسکے۔ سینئر افسران کو حساس مقامات کے سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لینے کیلئے فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شہری انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر حساس مقامات و تنصیبات کی نگرانی کیلئے پیٹرولنگ یونٹس بھی متحرک ہیں۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ اور نگرانی سخت کردی گئی۔ ڈیوٹی پر مامور افسران کو الرٹ رہنے کی ہدایات دے دی گئیں۔
دریں اثناء اسلام آباد میں جرائم پیشہ اور شر پسند عناصر کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ غیر قانونی طور پر مقیم افغانیوں کے خلاف سرچ اور کومبنگ آپریشن کا عمل بھی جاری ہے۔ شہریوں کو چیکنگ کے دوران پولیس سے مکمل تعاون اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع پکار 15 پر دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








