سعودی، ترک اور مصری وزرائے خارجہ کی ملاقات اسلام آباد میں کل ہوگی، اسحاق ڈار

تازہ ترین

تازہ ترین

اسحاق ڈار
(فوٹو: جیو نیوز)

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ  کی اسلام آباد میں ملاقات کل ہوگی۔ تینوں وزرائے خارجہ وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار  نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تینوں وزرائے خارجہ اسلام آباد میں اتوار کو ملاقات کریں گے جن کی پیر کو وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات ہوگی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ کل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچیں گے۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے مطابق اصل ملاقات ترکیہ میں ہونا تھی، تاہم پاکستانی قیادت کی مصروفیات کے باعث یہ ملاقات اسلام آباد میں رکھ لی گئی۔ پاکستان نیک نیتی اور ایمانداری سے تنازعات کے حل کی کوشش کررہا ہے۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ دوست ممالک تنازعات کے حل کی راہ ہموار کرنے کیلئے تعاون کر رہے ہیں۔ ایران کے ساتھ مذاکرات کے اس مرحلے پر میڈیا کے سامنے زیادہ بات سے گریز کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان ایران امریکا جنگ روکنے اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کیلئے ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے جبکہ مصر اور ترکیہ بھی سفارتی کاوشوں میں پیش پیش ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں ایرانی تنصیبات پر حملے 10 روز کیلئے مؤخر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

Related Posts