وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کالے شیشوں اور فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف ٹریفک پولیس کا ایکشن جاری ہے۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی ہدایت پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھرپور مہم جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں 18 ناکہ جات قائم کردئیے۔ چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ 1روز میں 2پزار330 گاڑیاں چیک ہوئیں، مختلف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 45گاڑیوں کو تھانوں میں بند کرکے 560گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کو چالان جاری کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ون وے کی خلاف ورزی پر 15 مقدمات کا اندراج عمل میں لایا گیا۔ سی ٹی او کے مطابق کالے شیشوں، فینسی نمبر پلیٹس اور ون وے کی خلاف ورزی کے خلاف بلا تفریق کارروائی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کالے شیشے فوری طور پر ہٹائیں اور صرف ایکسائز سے جاری کردہ نمبر پلیٹ کا استعمال کریں۔
اس کے علاوہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے شہری گاڑی چلاتے وقت ڈرائیونگ لائسنس بھی ہمراہ رکھیں، جسے چیک کیا جائے گا جبکہ توقع کی جارہی ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف یہ مہم عوامی جان و مال کی حفاظت اور مجرمانہ سرگرمیوں کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








