اسلام آباد :الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے سامنےاحتجاج سے قبل سیکورٹی کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھنے کے بعد وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔
آئی جی اسلام آباد نے الیکشن کمیشن کے مرکزی سیکریٹریٹ میں الیکشن کمیشن کے حکام سے ملاقات کی جس میں سیکورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ای سی پی نے آئی جی اسلام آباد کو کہاکہ احتجاج کے پیش نظر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا ہے کہ ریڈ زون میں پی ٹی آئی کے جلسوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پولیس ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث ریڈ زون کا داخلی راستہ مارگلہ روڈ سے ہو گا۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف اپنے کارکنوں کو 26 اپریل کوملک بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاج کرنے کی کال دی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا 24 اپریل کو اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔پی ٹی آئی رہنما نے چیف الیکشن کمشنر پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ تعصب کی انتہا کو پہنچ چکے ہیں۔
مزید پڑھیں:اسلام آباد ہائیکورٹ نے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ 30 روز میں کرنے کا حکم معطل کر دیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








