آپ کی باری بھی آنے والی ہے، اسرائیل کی حزب اللہ کے نئے سربراہ کو دھمکی

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو ایران پریس

حزب اللہ نے باضابطہ اعلان کردیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ براہ راست جنگ میں داخل ہو چکی ہے اور اب شمال میں اسرائیلی آباد کاروں کی واپسی جنگ بندی سے قبل نہیں ہوگی۔

یہ اعلان حزب اللہ کے نئے سربراہ نعیم قاسم نے اپنے بیان میں کیا۔ ان کے بیان کے بعد اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے دھمکی آمیز پیغام میں کہا کہ نعیم قاسم نے اپنے پیشرووں کی طرح غلطی کی جو ان سے پہلےحزب اللہ لیڈروں نے کی تھی۔

انہوں نے حیفہ میں حزب اللہ کے حملے میں زخمی ہونے والے فوجیوں کی عیادت کے دوران کہا کہ نعیم قاسم کی باری بھی آنے والی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ جلد ہی نعیم قاسم اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نعیم قاسم دنیا کو اس حقیقت کو فراموش کرانے کی کوشش کر رہا ہے کہ اس جماعت اور اس کے دوست (ایران کا حوالہ دیتے ہوئے) لبنان میں تباہی لائے۔

قبل ازیں حزب اللہ کے رہنما نعیم قاسم نے اسرائیلیوں سے خطاب کرتے ہوئے ایک ریکارڈ شدہ تقریر میں کہا کہ میں اسرائیلیوں سے کہتا ہوں کہ ہوم فرنٹ کا حل جنگ بندی ہے۔ میں کمزوری کے مقام سے بات نہیں کرتا کیونکہ اگر اسرائیلی نہیں چاہتے تو ہم جنگ جاری رکھیں گے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ جنگ جاری رہنے کا مطلب یہ ہوگا کہ شمالی علاقوں کے باشندے واپس نہیں جائیں گے۔ ہزاروں یا بیس لاکھ سے زیادہ خطرے میں رہیں گے۔

انہوں نے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے لبنانیوں پر زور دیا کہ وہ صبر سے کام لیں اور قربانیاں دیتے رہیں جیسا کہ وہ ہمیشہ کرتے آئے ہیں۔

Related Posts