شام کے دمشق ائیر پورٹ پر اسرائیل کے فضائی حملے میں ٹرمنل کی ایک عمارت تباہ ہو گئی۔
شامی وزارت دفاع کے مطابق اسرائیل نے جنوبی دمشق میں کئی علاقوں کو نشانہ بنایا جبکہ متعدد اسرائیلی راکٹوں کو تباہ بھی کیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دمشق ائیر پورٹ پر اسرائیل کے فضائی حملے میں ٹرمنل کی عمارت تباہ ہو گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فضائی حملے کے باعث دمشق ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا اور متعدد مقامی و بین الاقوامی پروازیں منسوخ ہو گئیں۔
یئرپورٹ پر آپریشن معطل ہونے کے باعث پی آئی اے کو بھی کراچی تا دمشق پرواز کو منسوخ کرنا پڑا، پی آئی اے کی پرواز پی کے 135 170 مسافروں کو لے کر کل علی الصبح روانہ ہونی تھی۔
دمشق سے واپسی کی پرواز پی کے 136 نے بھی 169 مسافروں کو لے کر واپس آنا تھا تاہم رن وے مکمل طور پر غیر فعال ہونے کے باعث ان پروازوں کو منسوخ کردیا گیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کاکہنا ہے کہ مسافروں کو پیش آنے والی زحمت کیلیے معذرت خواہ ہیں تاہم آپریشنل حالات کی بنا پر یہ فیصلہ ناگزیر تھا
ترجمان نے کہا کہ رن وے کے بحال ہوتے ہی پرواز کی دوبارہ تیاری کرلی جائے ورنہ متبادل ذرائع سے مسافروں کو روانہ کیا جائے گا، اس حوالے سے پی آئی اے کال سینٹر کے ذریعے سے تمام مسافروں کو مطلع کیا جارہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








