اسرائیل نے غزہ کے ایک اسکول پر حملہ کیا ہے جس میں خواتین اور بچوں سمیت 22 فلسطینی پناہ گزین شہید ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسکول میں قائم پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج نے شیلنگ کی۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ٹینکوں نے غزہ کے مشرقی علاقے نصیرات میں اسکول پر شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 80 سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے سے متاثرہ اسکول میں بے گھر فلسطینی شہریوں نے پناہ لے رکھی تھی۔ حملے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 22 افراد شہید ہوگئے جس کی عالمی سطح پر مذمت کی جارہی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی جنگی طیارے دیر البلاح کے علاقے میں الاقصیٰ شہید ہسپتال کے احاطے میں قائم فلسطینی پناہ گزینوں کے خیموں پر بھی بمباری کی۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے وحشیانہ حملے کے نتیجے میں 4افراد شہید جبکہ 70 زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی فورسز نے نام نہاد سکیورٹی آپریشن کے دوران جنین کے علاقے میں 18فلسطینی شہریوں کو گرفتار کیا۔ اس سے قبل اسرائیلی فوج نے غزہ کے جبالیہ کیمپ میں کئی مکانات بم لگا کر اڑا دئیے۔ صیہونی فوج نے 1 ہفتے میں 200 سے زائد فلسطینی شہید کردئیے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








