اسرائیلی پارلیمنٹ نے ایک ایسے قانون کے حق میں ووٹ دیا ہے جو وزیر اعظم کو اسرائیل کی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے غیر ملکی میڈیا آؤٹ لیٹس پر پابندی لگانے کی اجازت دیتا ہے، اس قانون کا مقصد درحقیقت قطری آزاد ٹی وی چینل الجزیرہ کو نشانہ بنانا ہے، جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ صہیونی ریاست عرب دنیا کے اس آزاد میڈیا ادارے سے کس قدر خوفزدہ ہے۔
یہ قانون، جسے 10 کے مقابلے 70 ووٹوں کی اکثریت سے منظور کیا گیا، وزیر اعظم کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ ہدف بنائے گئے چینل کی نشریات پر پابندی لگا سکتا ہے، جس میں اسرائیل میں اپنے دفاتر کو بند کرنا بھی شامل ہے۔
عرب میڈیا ادارے القدس العربی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے مسودہ قانون کی منظوری کے ساتھ ہی اسرائیل میں الجزیرہ کو بند کرنے کے لیے “فوری کارروائی” کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
انہوں نے ایکس پلیٹ فارم پر پوسٹ کی گئی ایک ٹویٹ میں کہا کہ “الجزیرہ نے اسرائیل کی سلامتی کو نقصان پہنچایا، 7 اکتوبر کے قتل عام میں فعال طور پر حصہ لیا، اور آئی ڈی ایف کے فوجیوں کے خلاف اکسایا۔ “یہ وقت ہے کہ حماس کی قیادت کو اپنے ملک سے ہٹا دیا جائے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “دہشت گرد الجزیرہ چینل اب اسرائیل سے نشریات نہیں کرے گا۔” “میں چینل کی سرگرمی کو روکنے کے لیے نئے قانون کے مطابق فوری طور پر کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “میں اس قانون کا خیرمقدم کرتا ہوں جسے وزیر مواصلات شلومو کرائی نے اتحادی رہنما اوفیر کاٹز کے ہمراہ اتحادی اراکین کی حمایت سے متعارف کرایا ہے۔”
یہ اقدامات نیتن یاہو حکومت کی الجزیرہ چینل کو دبانے کی کوششوں کی روشنی میں سامنے آئے ہیں، جو غزہ میں ہونے والے واقعات اور قابض فوج کی طرف سے چھیڑی جانے والی جنگ کے حقائق دنیا کے سامنے لاتا ہے۔
اسرائیلی قابض حکام نے اس سے قبل غزہ کی جنگ کے دوران لبنانی “المیادین” چینل کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں نشریات سے روک دیا تھا۔
اسرائیلی فوج بارہا الجزیرہ کے صحافیوں کو غزہ میں حماس اور اسلامی جہاد تحریک سے منسلک “دہشت گرد ایجنٹ” سمجھتی رہی ہے۔ اس قانون کی منظوری کے بعد الجزیرہ سے وابستہ صحافیوں کو لاحق خطرات میں اضافہ ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ غزہ کی پٹی میں الجزیرہ کے بیورو چیف وائل الدحدوح دسمبر میں اسرائیلی حملے میں زخمی ہوئے تھے، جبکہ ان کا پورا خاندان بھی صہیونی دہشت گردی کا شکار ہوکر شہید ہوچکا ہے، اس کے علاوہ گزشتہ دنوں الشفا اسپتال میں رپورٹنگ میں مصروف الجزیرہ کے رپورٹر کو صہیونی فوج اغوا کرکے لے گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








