متحدہ عرب امارات میں یوکرین سے تعلق رکھنے والی 29 سالہ خاتون دائرۂ اسلام میں داخل ہونے کے چند گھنٹے بعد روزے کی حالت میں انتقال کر گئیں، خاتون کی نمازِ جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
عرب میڈیا کے مطابق داریا کوٹسارینکو نامی یوکرینی خاتون بطورِ سیاح متحدہ عرب امارات آئی تھیں۔ وہ امارات میں سیاحت کے ساتھ ساتھ نوکری بھی کر رہی تھی۔
عرب امارات میں داریا کوٹسارینکو کو نہ صرف بہترین کیریئر کے مواقع ملے بلکہ وہ دینِ اسلام کی خوبصورتی اور سادگی سے بھی بے حد متاثر ہوئیں اور اُنہوں نے 25 مارچ کو یہاں اسلام قبول کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسلام قبول کرنے سے قبل داریا کوٹسارینکو کا تعلق مسیحی مذہب سے تھا، جب کہ جس وقت اُن کا انتقال ہوا تو وہ روزے کی حالت میں تھیں۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے چند گھنٹے کے بعد ہی خاتون کو دل کا دورہ پڑا، جس کی وجہ سے اُن کا انتقال ہوا۔
’’جنازہ یو اے ای‘‘ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ جاری کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ خاتون کا دبئی میں کوئی رشتہ دار موجود نہیں تھا، وہ یہاں اکیلی ہی رہ رہی تھیں۔
پوسٹ میں مزید بتایا گیا کہ خاتون کی نمازِ جنازہ القصیص قبرستان کی مسجد میں ادا کی گئی، جہاں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
انتقال کے فوراً بعد ہی سوشل میڈیا پر خاتون کے ایمان افروز واقعہ کی تفصیل پوسٹ کی گئی تھی، اس لئے یو اے ای بھر سے مسلمان جوق در جوق اس کے جنازے میں شرکت کے لیے پہنچے۔
داریا کوٹسارینکو کی نمازِ جنازہ کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، جن میں بڑی تعداد میں لوگوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








