اسرائیلی فورسز نے غزہ کیلئے امدادی مشن پر جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر فائرنگ کی ہے، صیہونی حکومت نے فیصل ایدھی کے صاحبزادے سعد ایدھی سمیت 100 سے زائد رضا کاروں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے صاحبزادے سعد ایدھی نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ بحیرہ روم میں فلوٹیلا کو روک لیا گیا جبکہ ایک کشتی پر فائرنگ ہوئی۔ اسرائیلی فوج نے 100سے زائد گرفتاریاں کیں۔
اپنے ویڈیو پیغام میں سعد ایدھی نے کہا کہ یہ شاید ہماری آخری اپ ڈیٹ ہو، مشن کو راستے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق سعد ایدھی سے رابطہ منقطع ہوجانے پر صورتحال مزید تشویشناک ہوگئی۔
سربراہ ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی نے پاکستانی اعلیٰ حکام سے رابطہ کرتے ہوئے مشن میں شامل افراد کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ واقعہ عالمی سمندری حدود میں فلوٹیلا کو روکنے کی کوشش کے دوران پیش آیا۔
خیال رہے کہ گلوبل صمود فلوٹیلا کا امدادی مشن 14 مئی کو ترکیہ کے علاقے مارماریس سے روانہ ہوا تھا جس میں سعد ایدھی سمیت دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے 500 سے زائد امدادی کارکن شامل تھے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی اسی قسم کے فلوٹیلا کے ذریعے امداد پہنچانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوسکی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








