بیروت: لبنان پر اسرائیلی حملے جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل نے ہزاروں میزائل برسائے، وحشیانہ حملوں میں شہید شہریوں کی تعداد 570 سے زائد ہوگئی ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق اسرائیل نے لبنانی دارالحکومت بیروت پر وحشیانہ حملے کیے ہیں جن کے نتیجے میں 570 سے زائد شہری شہید جبکہ 1 ہزار 800 سے زائد زخمی ہوگئے۔ صیہونی فوج کے تازہ حملے میں حزب اللہ کے اہم کمانڈر ابراہیم قبیسی بھی شہید ہوئے۔
سیکڑوں لبنانی شہریوں نے اسرائیلی حملوں سے بچاؤ کیلئے شام میں پناہ لے لی۔ لبنانی حکومت نے اسرائیل کے جاری حملوں سے بچوں کو بچانے کیلئے تعلیمی ادارے آئندہ 7 روز کیلئے بند کردئیے ہیں۔ دریں اثناء براہِ راست ٹی وی شو میں شریک ایک صحافی بھی میزائل حملے میں زخمی ہوگئے۔
لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے صیہونی فوج کے خلاف اپنی جوابی کارروائی میں 300 سے زائد راکٹ داغے۔ حزب اللہ کا دعویٰ ہے کہ کئی فوجی اہداف نشانہ بنائے گئے ہیں جبکہ عراق کی مزاحمتی تنظیم کی جانب سےبھی جولان کی پہاڑیوں پر حملہ کیا گیا ہے۔
دنیا کے مختلف ممالک نے اپنے شہریوں کو جنگی صورتحال کے پیشِ نظر لبنان سے نکل جانے کی ہدایت کی جبکہ کئی ممالک کی ائیر لائنز نے تل ابیب اور بیروت کیلئے فلائٹ آپریشن بند کردیا۔ صیہونی فوج نے حزب اللہ کے خلاف مختصر آپریشن کیلئے زیادہ وقت مانگ لیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








