بھارت میں آئی ٹی کمپنی کی خاتون منیجر سے چلتی گاڑی میں اجتماعی جنسی زیادتی ہوئی، جس کے بعد متأثرہ خاتون منیجر نے تشویشناک انکشافات کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست راجستھان کے شہر ادے پور میں نجی آئی ٹی کمپنی کی منیجر کے ساتھ پیش آیا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ متأثرہ خاتون نے پولیس میں شکایت درج کرائی کہ انہیں نشہ آور چیز دے کر چلتی گاڑی میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ کمپنی سی ای او کی سالگرہ کے بعد پیش آیا، جس کی پارٹی ہفتے کی رات کو رات 9بجے شروع ہوئی اور اتوار کو رات ڈیڑھ بجے تک جاری رہی۔ جس کے بعد خاتون کو ایک خاتون ایگزیکٹو ہیڈ اور ان کے شوہر نے گھر چھوڑنے کی پیشکش کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون ایگزیکٹو متأثرہ خاتون کو لے کر گاڑی میں بیٹھ گئیں جبکہ خاتون ایگزیکٹو کا شوہر بھی اس دوران موجود رہا۔ سفر کے دوران گاڑی ایک دکان پر رک گئی تو سگریٹ نما اشیا خرید کر خاتون کو ان کے استعمال کا کہا گیا۔ خاتون کا کہنا ہے کہ استعمال کے بعد وہ بے ہوش ہوگئی تھیں۔
متأثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ جب جزوی طور پر ہوش آیا تو میں نے محسوس کیا کہ خاتون ایگزیکٹو کے شوہر اور سی ای او ان کے ساتھ جنسی زیادتی کر رہے ہیں۔ واقعے کے بعد خاتون کو صبح 5بجے کے قریب ان کی رہائش گاہ پر اتار دیا گیا، بعد ازاں صورتحال کا احساس ہونے پر خاتون نے پولیس سے رجوع کیا۔
دوسری جانب گینگ ریپ کے اس واقعے کی آڈیو اور ویڈیو گاڑی میں نصب ڈیش کیم میں ریکارڈ ہوگئی جسے تفتیش کا حصہ بنایا جارہا ہے۔ بعد ازاں ایس پی ادے پور نے تصدیق کی کہ واقعے کا مقدمہ 3افراد کے خلاف درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے جبکہ خاتون کا طبی معائنہ اور گواہان کے بیانات سامنے آنا باقی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








