کراچی میں موسلا دھار بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کے 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہوگئے جس سے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ متاثرہ علاقوں میں گلستانِ جوہر، لائنز ایریا، مانگھوپیر، نارتھ کراچی، گولیمار، پاک کالونی، واحد آباد، جہانگیر آباد، سرجانی ٹاؤن اور نیو کراچی کے کئی حصوں شامل ہیں۔
کے الیکٹرک کے مطابق نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے احتیاطاً بجلی کی سپلائی بند کی جاسکتی ہے۔ ادارے کے فیلڈ عملے اور ٹیمیں صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں بحالی کے لیے کام کر رہی ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے اعداد و شمار جاری کیے۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ بارش سعدی ٹاؤن میں ریکارڈ کی گئی جہاں 35.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔ گلشنِ معمار میں 33.3 ملی میٹر، ناظم آباد میں 26 ملی میٹر اور سرجانی ٹاؤن میں 12.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق پی اے ایف بیس مسرور میں 11 ملی میٹر، کورنگی میں 4.6 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ پر 4.4 ملی میٹر، جبکہ گلشنِ حدید اور ڈی ایچ اے فیز 2 میں 3 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس کے علاوہ، اورنگی ٹاؤن میں 1.5 ملی میٹر، شاہراہِ فیصل پر 1 ملی میٹر، نارتھ کراچی میں 0.5 ملی میٹر اور سب سے کم بارش پرانے ایئرپورٹ ایریا میں 0.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








